مداحوں کا انتظار ختم ، مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’Michael‘ آج ریلیز ہوگی

مداحوں کا انتظار ختم ، مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’Michael‘  آج ریلیز ہوگی

لیجنڈ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی شاندار ہالی ووڈ بایوپک فلم ’’Michael‘‘ آج 24 اپریل 2026 کو ریلیز کی جا رہی ہے۔ یہ فلم اپنے ٹریلر اور اسٹار کاسٹ کی وجہ سے  پہلے ہی شائقین کے دلوں کو چھو چکی ہے اور وہ بیتابی سے اس کی ریلیز کی منتظر تھے۔

مائیکل جیکسن کی موت کے تقریباً 17 سال بعد 24 اپریل کو ان کے خاندان کی منظوری سے بننے والی پہلی باضابطہ بایوپک ’مائیکل‘ دنیا بھر میں ریلیز ہو رہی ہے۔

اس فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز انٹوان فوکا نے کی ہے جبکہ اسے گراہم کنگ کی پروڈکشن میں تیار کیا گیا ہے،  فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے حقیقی بھتیجے جعفر جیکسن نے نبھایا ہے، جو اس فلم کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔

فلم میں مائیکل کے بچپن کے مناظر کے لیے جولینوالڈو سمیت مختلف اداکار شامل ہیں، جبکہ مرکزی کاسٹ میں نیا لانگ، کولمین ڈومنگو اور مائلس ٹیلر جیسے بڑے نام بھی موجود ہیں۔

فلم کا محور مائیکل جیکسن کی ابتدائی زندگی، جیکسن 5 سے ان کے عالمی سپر اسٹار بننے تک کا سفر ہے۔ کہانی میں ان کے میوزک کیریئر، خاندانی تعلقات اور شہرت کے دباؤ کو دکھایا گیا ہے۔ فلم کا فوکس ان کے 1980 کی دہائی کے ’’Bad Tour‘‘ تک رکھا گیا ہے، جس کے بعد کی زندگی کو کم دکھایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی تیاری کے دوران کئی مراحل پر اسکرپٹ میں تبدیلیاں کی گئیں اور بعد میں ری شوٹس بھی کیے گئے، جس کی وجہ سے کہانی کے کچھ حصے محدود کر دیے گئے۔ اس کے باوجود فلم کو بصری طور پر شاندار اور موسیقی کی مناسبت سے مضبوط پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

فلم میں خاص بات یہ ہے کہ اس میں جعفر جیکسن کی پرفارمنس کو کافی سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے اپنے چچا کے انداز، ڈانس اور اسٹیج پر موجودگی کو کافی حد تک حقیقی دکھانے کی کوشش کی ہے۔

یاد رہے کہ ’’مائیکل‘‘ کو 2026 کی سب سے زیادہ متوقع بایوپک فلموں میں شمار کیا جارہا تھا، اور اب اس کی ریلیز کے ساتھ ہی دنیا بھر کے سینما گھروں میں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔

editor

Related Articles