وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل جمعرات کو واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج رات نیویارک سے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ واشنگٹن روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکی اور انڈونیشیا کے رہنما بھی شریک تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس ملاقات کا مرکزی موضوع غزہ کا تنازع تھا۔ اماراتی خبر رساں ادارے “وام” کے مطابق بات چیت جاری جنگ کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کے قیام کی کوششوں پر مرکوز رہی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، مویشیوں کی برآمدات، افرادی قوت اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں، نے ریاست کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ اس خوشگوار ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔