سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں ناقص کارکردگی اور ناکام بیٹنگ کے پیش نظر اگلے ورلڈ کپ کیلیے شاہین آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے۔
نجی ٹ وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے باسط علی قومی ٹیم کی کارکردگی اور بھارت سے شکست پر افسردہ اور برہم نظر آئے۔
آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے تیاریوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنانے کا فوری طور پر اعلان کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سفارشی کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اس عمل سے ٹیم میں دوستی یاری نہیں ہوگی۔
قومی ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی واپسی کے سوال پر باسط علی نے کہا کہ اگر بابر کا لانا ہے تو اسے چھٹے نمبر پر کھلانا ہوگا، کیونکہ اوپنرز میں صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان تو پہلے سے موجود ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل چار کھلاڑیوں کو اس اسکواڈ میں بالکل نہ رکھا جائے انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ہی دور کردیا جائے جن میں حسین طلعت، سلمان علی آغا صائم ایوب اور محمد حارث شامل ہیں۔