گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے ایک اہم انتظامی اقدام کرتے ہوئے اپنے پرسنل سیکرٹری کے دفتر کو خصوصی نگرانی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے، اس فیصلے کا مقصد انتخابی عمل کے دوران ہر قسم کی صورتحال پر فوری نظر رکھنا اور بروقت اقدامات کو ممکن بنانا بتایا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کنٹرول روم 8 جون تک مسلسل فعال رہے گا اور بغیر کسی وقفے کے دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا۔
اس مرکز میں انتخابی عمل سے متعلق تمام معلومات جمع کی جائیں گی اور زمینی صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا انتظامی مسئلے کی صورت میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کنٹرول روم نہ صرف انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا بلکہ انتظامی معاملات، سیکیورٹی صورتحال اور پولنگ کے عمل کی پیش رفت پر بھی مکمل نظر رکھے گا۔
اس مقصد کے لیے متعلقہ تمام اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ اس کنٹرول روم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری تعاون فراہم کریں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں اور انتخابی عمل مکمل طور پر شفاف، منظم اور غیر جانبدار انداز میں مکمل ہو۔ ۔