غزہ امن منصوبہ، 8 مسلم ممالک کا حماس کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم

غزہ امن منصوبہ، 8 مسلم ممالک کا حماس کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم

سعودی عرب، پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے حماس کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن تجویز پر مثبت ردعمل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی جانب سے اسرائیل کو فوری بمباری روکنے کی ہدایت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور اسے جنگ بندی کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

ان کے مطابق یہ موقع غزہ میں شدید انسانی بحران کے خاتمے کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے،دفترِ خارجہ نے مزید بتایا کہ وزرائے خارجہ نے حماس کے اس اعلان کو بھی مثبت قرار دیا ہے جس میں اس نے غزہ کا انتظام ٹیکنوکریٹس پر مشتمل عبوری کمیٹی کے سپرد کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں :پاکستان کا صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کا خیرمقدم، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امن تجویز کے نفاذ کے طریقہ کار پر جلد از جلد اتفاق کیا جائے اور تمام فریقین فوری مذاکرات کے آغاز کے ذریعے تمام پہلوؤں کو طے کریں۔

وزرائے خارجہ نے یہ بھی کہا کہ جنگ کا خاتمہ، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے جبری انخلا سے اجتناب اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے، تمام ممالک نے فلسطینی اتھارٹی کی غزہ میں واپسی، غزہ اور مغربی کنارے کے اتحاد اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا پر زور دیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *