سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کو نیست ونابود کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر 7 سے 8 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ایک خودکش حملہ آور نے ٹریننگ سینٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے فوری بعد دیگر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں اب تک تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
دھماکے اور فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، جب کہ ممکنہ خطرے کے پیش نظر اعجاز شہید پولیس لائنز سے پولیس کی اضافی نفری موقع پر روانہ کر دی گئی ہے تاکہ صورتحال پر جلد قابو پایا جا سکے۔
واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان، سجاد احمد خود کر رہے ہیں۔