نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے حساس ادارے کی مدد سے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق، گرفتار ملزمان حساس تنصیبات کی معلومات سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے منتقل کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی طویل ٹیکنیکل مانیٹرنگ کے بعد عمل میں لائی گئی۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر اہم شواہد برآمد ہوئے ہیں، جب کہ تحقیقات کے دوران بیرونِ ملک سے رقم کی ٹرانزیکشن کے شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔
برآمد شدہ مواد کی فرانزک جانچ جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی روابط کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
ایجنسی کے مطابق پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔