لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، لاہور میں بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے پر انٹری بند کردی گئی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مریدکے، چناب نگر، اور گجرات میں رکاوٹیں لگا کر جی ٹی روڈ بند کی گئی ہے، جبکہ جہلم پل اور چکوال موڑ پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔
اسلام آباد میں ایکسپریس وے، فیض آباد، راول ڈیم، زیرو پوائنٹ، ریڈ زون، ڈی چوک، اور نادرا چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک کی بندش برقرار ہے۔ بری امام، کٹی پہاڑی، ٹیکسلا اور کشمیر چوک بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس کو بھی کل سے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔