محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں اور مہینوں کے لیے ملک بھر میں سردی اور بارشوں سے متعلق اہم موسمی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اکتوبر سے دسمبر تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی، جس کے نتیجے میں خشک سردی کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی اور شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت موسم سرد ہونے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سردی کا اثر غالب رہا۔
نومبر اور دسمبر میں بارشوں کی کمی
محکمہ موسمیات کی موسمیاتی رپورٹ کے مطابق نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے بھی کم بارشیں متوقع ہیں۔ خطہ پوٹھوہار، شمالی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور کشمیر میں بارشیں کم ہونے سے خشک سردی میں اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب جنوبی علاقوں اور سندھ میں معمول سے قدرے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔
درجہ حرارت سے متعلق پیشن گوئی
بالائی علاقوں (گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب) میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب، سندھ میں درجہ حرارت معمول سے قدرے کم رہ سکتا ہے۔
دسمبر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو سردی کے عمومی احساس کو متاثر کر سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کی تشویش
ماہرین کے مطابق بارشوں کی کمی سے نہ صرف خشک سردی میں اضافہ ہو گا بلکہ زراعت، آبی ذخائر اور ماحولیاتی توازن پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس صورت حال میں شہریوں کو محتاط رہنے، خاص طور پر صحت اور فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ پیشگوئی ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب ملک کے کئی حصے پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ذمہ دار رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔