ترکیہ کے جنوب مغربی ساحل کے قریب ایجین سمندر میں تارکینِ وطن کو لے جانے والی ربڑ کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 2 افراد تاحال لا پتہ ہیں۔
ترکیہ کے صوبہ موغلا کے گورنر آفس کے مطابق کشتی بودرم کے ساحل سے روانہ ہوئی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد سمندری پانی بھرنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
کشتی میں مجموعی طور پر 18 افراد سوار تھے امدادی ٹیموں نے دو افراد کو زندہ نکال لیا جن میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔
بچ جانے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ تقریباً چھ گھنٹے تیرنے کے بعد ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا جب کہ دوسرا شخص ایک قریبی جزیرے سے ملا۔
کوسٹ گارڈ کی چار کشتیاں، غوطہ خوروں کی ٹیم اور ایک ہیلی کاپٹر لا پتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کشتی میں موجود افراد یونان کے جزیرے کوس کی طرف جا رہے تھے یا نہیں۔
ایجین سمندر طویل عرصے سے یورپی یونین میں داخل ہونے کے خواہش مند تارکینِ وطن کے لیے ایک خطرناک راستہ سمجھا جاتا ہے جہاں اکثر ایسے المناک واقعات پیش آتے ہیں۔