خلیجی ممالک جانے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

خلیجی ممالک جانے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسقط کے لیے باقاعدہ پروازیں رواں ماہ کے اختتام پر شروع کی جائیں گی۔

یہ اقدام پی آئی اے کے فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے اور خلیجی خطے میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان، قطر، بحرین اور کویت شامل ہیں، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ ان ممالک کے درمیان سفری طلب میں مسلسل اضافہ کے باعث پی آئی اے نے اپنے آپریشنز کو از سرِ نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستانی مسافروں کو براہِ راست اور کم لاگت پروازوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، لاہور سے مسقط کے لیے پہلی پرواز 29 اکتوبر جبکہ اسلام آباد سے پہلی پرواز 30 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔ دونوں روٹس پر ایئربس اے 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ نئے روٹس کے آغاز سے نہ صرف قومی ایئرلائن کی آمدنی میں اضافہ متوقع ہے بلکہ مسافروں کو سفری سہولتوں میں بھی نمایاں بہتری حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: رواں سال 917 دہشت گردی کے واقعات رپورٹ، 1,085 دہشت گرد گرفتار،367 دہشتگرد ہلاک

ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے گزشتہ چند ماہ کے دوران مالی اور انتظامی مشکلات کے باوجود اپنے بین الاقوامی فضائی آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے حکمتِ عملی تیار کی ہے۔ ادارہ جدید ترین طیاروں، بہتر سروس، وقت کی پابندی اور مسافروں کی اطمینان کے لیے نئے اقدامات کر رہا ہے۔

مسقط کے لیے نیا فضائی روٹ پی آئی اے کی بحالی اور ترقیاتی حکمتِ عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس سے نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن سے براہِ راست سفر کی سہولت ملے گی بلکہ خلیجی خطے میں پی آئی اے کی موجودگی کو بھی مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *