جیو نیوز لائسنس معطل, ملک بھر میں کیبل آپریٹرز فوری طور پر چینل بند کر دیں،پیمرا نے ہنگامی حکم نامہ جاری کردیا۔
پیمرا نے جیو نیوز کے خلاف بڑا ریگولیٹری اقدام کرتے ہوئے چینل کا لائسنس فوری طور پر 15 روز کے لیے معطل کر دیا ہے اور ملک بھر کے تمام کیبل آپریٹروں اور نشریاتی تقسیم کاروں کو جیو نیوز کی نشریات بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پیمرا کا اعلامیہ
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیو نیوز پر دس محرم الحرام، 29 جون2026 کو نشر کیے گئے پروگرام “سفرِ عشق” میں ایسی مذہبی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی کی گئی جو ناقابل قبول قرار دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد نہ صرف لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار و روایات کے بھی منافی ہے۔
پیمرا کے مطابق اس پروگرام میں پیش کیے گئے مناظر قوانین اور ضابطہ اخلاق کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور مذہبی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ اسی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس فوری طور پر پندرہ روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جیو نیوز پر لازم تھا کہ وہ انتہائی احتیاط سے کام لیتا
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبی نوعیت کے پروگرام نشر کرتے وقت جیو نیوز پر لازم تھا کہ وہ انتہائی احتیاط سے کام لیتا اور ادارے کی داخلی جانچ کمیٹی ایسے مواد کا مکمل جائزہ لیتی، تاہم چینل اس ذمہ داری کو مؤثر انداز میں نبھانے میں ناکام رہا۔
پیمرا نے تمام سیٹلائٹ سروس فراہم کرنے والوں، کیبل آپریٹروں اور دیگر نشریاتی تقسیم کاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور جیو نیوز کی نشریات معطل کر دیں۔
اعلامیے کے مطابق اس معاملے کو مزید کارروائی کے لیے پیمرا کی شکایات کونسل کے سپرد بھی کر دیا گیا ہے، جہاں سماعت کے بعد مزید ریگولیٹری اقدامات سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
پیمرا نے جیو نیوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی مکمل انکوائری کرے، ذمہ داران کا تعین کرے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزی دوبارہ پیش نہ آئے۔