اگر تیکنیکی خرابی کی وجہ سے رقم مشین میں پھنس گئی ہے تو چند منٹ انتظار کریں کیونکہ سرور ٹھیک ہوتے ہی رقم نکلوائی جا سکتی ہے۔
تکنیکی خرابی کے باعث اگر کبھی اے ٹی ایم مشین میں کیش نکلواتے ہوئے پھنس جائے تو اس صورتحال میں کیا کرنا چاہیئےاس حوالےسے اہم بینکنگ ماہرین کیا کہتے ہیں۔ آج کل کے حالات میں کیش کے بجائے لوگ اے ٹی ایم کارڈ رکھتے ہیں اور بوقت ضرورت کہیں بھی مشین سے رقم نکال لیتے ہیں۔
اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کے بعد اب سرعام کیش لے کر چلنا خطرناک ہو گیا ہے،اس لیے اب لوگوں کی بڑی تعداد رقم کی منتقلی کے لیے کیش کے بجائے اے ٹی ایم کارڈ پر انحصار کرتی ہے،اس کارڈ کے ذریعہ کوئی بھی شخص کسی بھی جگہ پر اے ٹی ایم مشین کے ذریعہ اپنے اکاؤنٹ سے مطلوبہ رقم نکلوا سکتا ہے۔
تاہم کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اے ٹی ایم مشین میں کارڈ ڈالنے کے بعد مطلوبہ رقم کے ہندسے بتا دیے جاتے ہیں تاہم رقم نکلنے سے قبل تکنیکی خرابی یا نیٹ ورک کا مسئلہ ہونے کے باعث رقم مشین کے اندر ہی پھنس جاتی ہے۔
اس صورتحال میں متاثرہ شخص پریشان ہو جاتا ہے کہ وہ کیا کرے اور کیسے رقم نکالے، یہ خدشات بھی ہوتے ہیں کہ کہیں یہ رقم ضائع نہ ہو جائے،اگر کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہو تو گھبرانے کے بجائے آپ یہ چند اقدامات کریں تو آپ کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا۔
اگر تیکنیکی خرابی کی وجہ سے رقم مشین میں پھنس گئی ہے تو چند منٹ انتظار کریں کیونکہ سرور ٹھیک ہوتے ہی رقم نکلوائی جا سکتی ہے،اس مرحلے میں 10 سے 15 منٹ میں مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔
اگر ایسا نہیں ہوتا اور اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی جاتی ہے تو ٹرانزیکشن سلپ کو محفوظ رکھیں،یہ سلپ شکایت درج کرنے اور مزید کارروائی میں مددگار ثابت ہوگی،کئی بار بینک سسٹم 24 گھنٹے کے اندر خود بخود رقم واپس کر دیتا ہے۔
اگر 24 گھنٹے بعد بھی ایسا نہ ہو تو بینک کسٹمر کیئر یا متعلقہ برانچ سے رابطہ کر کے شکایات درج کرائیں۔ بینک عموماً ایک ہفتے میں مسئلہ حل کر دیتے ہیں۔