پاکستان میں رواں سال ہونے والے سائبر حملوں کے بعد نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ملک بھر کے ٹی وی نیوز چینلز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سائبر سیکیورٹی مزید مضبوط بنائیں تاکہ نشریاتی نظام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اس حوالے سے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ٹی وی نیوز چینلز کے نمائندوں، براڈکاسٹ آپریشنز اور ویب سائٹس سے وابستہ تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم اور پیمرا کے حکام نے شرکا کو سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز، جدید حفاظتی اقدامات اور ممکنہ سائبر حملوں سے نمٹنے کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
شرکا نے میڈیا اداروں، سائبر سیکیورٹی ماہرین اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تاکہ نشریاتی شعبے کو سائبر خطرات کے مقابلے میں مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، مارچ 2026 میں پاکستان کے متعدد بڑے ٹی وی چینلز اور ان کی ویب سائٹس پر ہونے والے مربوط سائبر حملوں کے بعد حکومت نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، جو میڈیا اداروں میں سائبر سیکیورٹی معیارات پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہی ہے۔
اجلاس میں سائبر خطرات کی بروقت نشاندہی، حملوں کی صورت میں فوری ردعمل اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ مارچ 2026 میں جیو نیوز، سماء ٹی وی اور اے آر وائی نیوز سمیت کئی پاکستانی نیوز ادارے سائبر حملوں کا نشانہ بنے تھے۔ ان حملوں کے دوران ہیکرز نے مبینہ طور پر لائیو نشریات اور نیوز ویب سائٹس پر غیر متعلقہ پیغامات آویزاں کیے تھے، جس کے بعد پاکستان کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔