محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں :فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح کے سیاحتی مقامات پر بھی موسم سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو سیاحوں کے لیے تیار رہنے کا پیغام ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی سرد رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسم سرد رہے گا، جہاں مقامی لوگوں کو گرم کپڑوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مشرقی پنجاب کے شہری علاقوں، خصوصاً لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں اسموگ (فضائی آلودگی) کے امکانات کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضا میں نمی کی کمی کے باعث ان اضلاع میں دھند اور آلودگی کی تہہ جمنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں :وزیر اعظم شہباز شریف کا ملک بھر میں زراعت اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

