فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی اور گیس کنکشنز پر نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر کی تبدیلی سے متعلق نیا طریقہ کار متعارف کروا دیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری سیلز ٹیکس حکم نامہ کے مطابق یہ نیا نظام 22 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا، اس اقدام کا مقصد صنعتی کنکشنز پر ٹیکس سے متعلق شفافیت اور ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب صنعتی کنکشن پر سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر کی تبدیلی صرف متعلقہ کمشنر کی منظوری سے ممکن ہوگی۔ اس کیلئے صارف کو باقاعدہ درخواست متعلقہ کمشنر کو جمع کروانا ہوگی، جو کاروباری تفصیلات اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گا۔
تصدیق مکمل ہونے کے بعد کمشنر بجلی یا گیس کمپنی کو تبدیلی کی اجازت دینے کی ہدایت جاری کرے گا، اس کے بعد ہی متعلقہ کمپنیاں کنکشن پر رجسٹریشن نمبر تبدیل کرنے کی مجاز ہوں گی۔
ایف بی آر نے تمام بجلی و گیس کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے طریقہ کار پر مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو مستحکم بنانے اور جعلی یا غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گا۔