پاکستان کے معاشی استحکام کا انقلابی سفر، بھارتی میڈیا بھی اعتراف کیے بغیر نہ رہ سکا

پاکستان کے معاشی استحکام کا انقلابی سفر، بھارتی میڈیا بھی اعتراف کیے بغیر نہ رہ سکا

پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت کی ہے، جس کا اعتراف اب بین الاقوامی ذرائع کے ساتھ ساتھ بھارتی میڈیا نے بھی کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موڈیز کی ریٹنگ اپ گریڈ سے پاکستان کی معیشت پرعالمی اعتماد میں اضافہ

بھارتی ویب سائٹ ’ساؤتھ ایشیا مانیٹر‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2023 سے 2025 کے دوران پاکستان نے جنوبی ایشیا میں شاندار میکرو اکنامک تبدیلی کی مثال قائم کی ہے۔

معاشی اصلاحات اور پالیسیوں کی کامیابی

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت نے مؤثر پالیسیوں، اصلاحات اور بہتر مالی نظم و ضبط کے ذریعے نہ صرف ڈیفالٹ کے خطرات پر قابو پایا بلکہ پائیدار معاشی استحکام کی بنیاد بھی رکھ دی ہے۔

’ساؤتھ ایشیا مانیٹر‘ نے تسلیم کیا کہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج اور حکومت کی اندرونی اصلاحات نے معیشت کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

ایس آئی ایف سی فریم ورک: اقتصادی سفارت کاری کی کامیاب حکمتِ عملی

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام نے پاکستان کی عالمی سطح پر مؤثر اقتصادی سفارت کاری کی بحالی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:جلد پاکستان کی معیشت دنیا کی بڑی معیشتوں میں شمار ہوگی : بخیت عتیق

ایس آئی ایف سی نے کان کنی، توانائی، زراعت اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں نئے مواقع پیدا ہوئے۔

سی پیک اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں وسعت

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے سی پیک کے نئے مرحلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ معدنیات اور توانائی کے منصوبے شروع کیے۔

اسی طرح جون 2024 میں چین کے ساتھ بھی کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جو خطے میں اقتصادی انضمام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری

’ساؤتھ ایشیا مانیٹر‘ کے مطابق، پاکستان اکنامک سروے 2024-25 کے اعداد و شمار سے واضح ہے کہ مالیاتی اشاریوں میں قابلِ ذکر بہتری آئی ہے۔ پاکستان کی جی ڈی پی 3 فیصد پرائمری سرپلس کے ساتھ چوبیس سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محصولات میں 36.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی سی ٹی برآمدات میں 23.7 فیصد اضافہ ہوا۔ افراطِ زر جو پچھلے سال 17.3 فیصد تھا، اپریل 2025 میں نمایاں کمی کے ساتھ صرف 0.3 فیصد رہ گیا۔ ترسیلاتِ زر 2025 کے اوائل میں ماہانہ 3.8 سے 4.0 ارب امریکی ڈالر کے درمیان رہیں۔

اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی کارکردگی

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نے 2025 میں امریکا، فرانس اور چین کی اہم مارکیٹوں کے ساتھ مل کر عروج کی نئی بلندیوں کو چھوا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔

علاقائی استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد

’ساؤتھ ایشیا مانیٹر‘ نے لکھا کہ پاکستان کا معاشی اور مالیاتی استحکام اب ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا بنیادی ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی معیشت کیلئے اچھی خبر،ایشیائی ترقیاتی بینک ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اگر پاکستان موجودہ رفتار سے اصلاحات اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو برقرار رکھے، تو وہ نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں بھی اقتصادی قیادت کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کی یہ رپورٹ اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کا معاشی استحکام اب خطے سے باہر بھی تسلیم کیا جانے لگا ہے۔

ماہرین کے مطابق، یہ پیش رفت پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں، بہتر طرزِ حکمرانی اور پائیدار ترقی کے عزم کا مظہر ہے، جو ملک کو ترقی، سرمایہ کاری اور اعتماد کے ایک نئے دور میں لے جا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *