پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لئے نام فائنل کرلیا

پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لئے  نام فائنل کرلیا

آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، اور سیاسی منظرنامے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے موجودہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ پارٹی نے چوہدری یاسین کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کل آزاد کشمیر اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے تحریک پر دستخط مکمل کر لیے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے مشاورت کے بعد متفقہ طور پر چوہدری یاسین کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار کے طور پر فائنل کیا ہے۔

تاہم، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے تاحال نہیں ہو سکا۔ ن لیگ کی جانب سے شرط رکھی گئی ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے تو نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی اسمبلی تحلیل کر کے قبل از وقت انتخابات کرائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری کا وزیر اعظم سے رابطہ،آزاد کشمیر میں حکومت بنانےکے فیصلے پر اعتماد میں لیا

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے واضح کیا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اتحادی جماعتوں کی سیاسی حکمت عملی کا بھرپور مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کل تحریک کے جمع ہونے کے بعد آزاد کشمیر کی اسمبلی میں سیاسی صف بندی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تحریک کے نتائج خطے کی آئندہ سیاسی سمت اور حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *