کالعدم بی ایل اے کی کمانڈر شہناز بلوچ سے اہلخانہ کا مکمل لاتعلقی کا اعلان

کالعدم بی ایل اے کی کمانڈر شہناز بلوچ سے اہلخانہ کا مکمل لاتعلقی کا اعلان

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کی کمانڈر شہناز بلوچ کے اہلخانہ نے ان سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 12 برس سے ان کا شہناز بلوچ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں۔

بلوچستان میں سرگرم بھارتی پراکسی اور کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی بشیر زیب گروپ سے تعلق رکھنے والی تنظیم کی مبینہ خاتون کمانڈر شہناز بلوچ کے خاندان نے ان سے مکمل اور واضح لاتعلقی کا اعلان کیا۔

شہناز بلوچ کی والدہ رخسانہ، دادا، ماموں، چچا اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے تربت پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کی، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا شہناز بلوچ کے کسی بھی قول، فعل یا غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہناز بلوچ کی والدہ نے کہا کہ خاندان کا گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے شہناز بلوچ سے کوئی رابطہ نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہناز بلوچ کم عمری میں عمان منتقل ہوگئی تھی اور گزشتہ 12 برس سے خاندان کا اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں۔ ان کے مطابق شہناز بلوچ کے والد کا انتقال اس وقت ہوگیا تھا جب وہ صرف 9 ماہ کی تھی۔۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت دہشتگری برآمد کرتا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ بھارت کے پراکسی گروہ ہیں : صائمہ سلیم

والدہ نے مزید کہا کہ خاندان کو کبھی شہناز بلوچ کے کسی شدت پسند یا کالعدم تنظیم سے روابط کا علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ ایسی کسی سرگرمی کی حمایت کرتے ہیں۔

شہناز بلوچ کے چچا اور دیگر رشتہ داروں نے بھی پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وہ پرامن پاکستانی شہری ہیں، جنہوں نے ہمیشہ قانون اور ریاستی اداروں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کا دہشت گردی یا کسی ملک دشمن ایجنڈے سے کوئی تعلق نہیں۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق فتنہ الہندوستان کی آلہ کار کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں سے ان کے اپنے ہی اہلخانہ کی جانب سے پریس کلب آ کر اعلانیہ لاتعلقی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عام بلوچ قوم دہشت گردی کے اس ناسور سے مکمل طور پر تنگ آ چکی ہے اور ایسے عناصر کو کسی صورت اپنے خاندان کا حصہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

Related Articles