کرکٹ کے کھیل میں ڈرامائی لمحات کی کمی نہیں، مگر بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 27 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جو شائقین کو حیران کر گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنگلادیش کے فاسٹ بولر تسکین احمد نے ایک ہی گیند پر زبردست چھکا بھی مارا اور اسی گیند پر آؤٹ بھی ہو گئے۔
میچ کے آخری اوور میں بنگلادیش کو جیت کے لیے 3 گیندوں پر 17 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ تسکین احمد نے ویسٹ انڈیز کے بولر کے خلاف بھرپور شاٹ کھیلا، گیند لیگ سائیڈ کی باؤنڈری پار کر گئی اور شائقین جھوم اٹھے۔ میدان میں خوشی کی فضا چھا گئی، ساتھی کھلاڑیوں نے بھی جشن منانا شروع کر دیا کہ چھکا ہوگیا۔
تاہم ری پلے میں سامنے آیا کہ شاٹ کھیلنے کے دوران تسکین احمد کا پچھلا پاؤں اسٹمپ سے ٹکرا گیا اور بیلز گر گئیں۔ امپائر نے فوراً انہیں ہٹ وکٹ قرار دے دیا۔ یوں بنگلادیش کی جیت کی امیدیں چند لمحوں میں ہی دم توڑ گئیں اور ٹیم میچ ہار گئی۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا جہاں مداحوں نے اسے “کرکٹ کا سب سے بدقسمت چھکا” قرار دیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایسا لمحہ شاید ہی کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی دیکھا گیا ہو، جب کوئی کھلاڑی چھکا مارنے کے فوراً بعد ہٹ وکٹ ہو جائے۔
کرکٹ میں ہٹ وکٹ آؤٹ ویسے بھی کم دیکھنے میں آتا ہے، مگر چھکا مارنے کے بعد ایسا ہونا بین الاقوامی سطح پر انتہائی نایاب واقعہ ہے۔ تسکین احمد کے لیے یہ لمحہ شاید بھلایا نہ جا سکے، جبکہ شائقین کے لیے یہ یاد دہانی تھی کہ کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 166 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 19.4 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔