یوٹیوب نے ایک نیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد غیر معیاری ویڈیوز کو خودکار طریقے سے بہتر بنانا ہے۔ اس نئے فیچر کا نام “سپر ریزولوشن” رکھا گیا ہے، جو جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے پرانی یا کم ریزولوشن والی ویڈیوز کے معیار کو بہتر بناتا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق، اس فیچر کی بدولت صارفین کو اپنے پرانے یا کم معیار کے مواد کو دوبارہ اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ “سپر ریزولوشن” خود بخود ویڈیو کے معیار کو بہتر بناتا ہے تاکہ ناظرین کو زیادہ واضح اور بہتر بصری تجربہ حاصل ہو سکے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ نیا فیچر 1080p سے کم ریزولوشن والی ویڈیوز کو 4K معیار کے قریب لا سکتا ہے، تاہم فی الحال اسے ایچ ڈی سپورٹ تک محدود رکھا گیا ہے۔ مستقبل میں اس فیچر کے ذریعے ویڈیوز کو براہِ راست 4K میں اپ گریڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے 1080p سے کم ریزولوشن والی ویڈیوز کو بہتر بنانے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے، اور اب صارفین اپنی ویڈیوز کو ایچ ڈی معیار میں منتقل کر سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ صارفین کو اپنی لائبریری پر مکمل کنٹرول حاصل ہوگا اور وہ خود طے کر سکیں گے کہ کن ویڈیوز پر یہ فیچر استعمال کیا جائے۔
یہ فیچر صارف کو خود ان ایبل کرنا ہوگا تاکہ اسے اپنی ویڈیوز کے معیار پر مکمل اختیار حاصل رہے۔ جب کوئی ویڈیو “سپر ریزولوشن” کے ذریعے بہتر بنائی جائے گی، تو اسے سیٹنگز مینیو میں “سپر ریزولوشن” کے لیبل کے ساتھ ظاہر کیا جائے گا۔
یوٹیوب کا یہ نیا اے آئی فیچر کمپنی کے جدید ترین ٹولز میں سے ایک ہے، جس کا بنیادی مقصد ویڈیوز کو زیادہ شفاف بنانا اور دیکھنے کے تجربے کو مزید بہتر کرنا ہے۔