پاک فوج کی انتھک کاؤشوں سے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں قائم گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (جی آئی ٹی) جدید تعلیم اور تکنیکی مہارت کا وہ مرکز بن چکا ہے جو مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ یہ ادارہ 2005 سے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو عملی میدان میں کامیابی کے لیے تیار کر رہا ہے۔
گوادر کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل
گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور صنعتی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
ادارے میں انجینیئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میرین ٹیکنالوجی، الیکٹریکل اور مکینیکل فیلڈز میں جدید نصاب کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔
جی او سی گوادر ڈویژن کی خصوصی نشست
جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر ڈویژن نے گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ہونہار طلبا و طالبات سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کے جذبے، عزم اور تعلیمی کارکردگی کو سراہا۔
جی او سی گوادر ڈویژن نے کہا کہ ’یہاں کے طلبہ بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہی نوجوان پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار ہیں۔ نوجوانوں کا کردار وطن کی تعمیر و ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔‘
تعلیم، دیانتداری اور خلوص مضبوط پاکستان کی بنیاد
جی او سی نے طلبا پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کے مطابق، ’تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’نوجوان اپنی صلاحیتیں علم و تحقیق کے فروغ میں صرف کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل اُن باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے جو اپنی کامیابی کے ساتھ وطن کی ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔‘
پاک فوج کا کردار
گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے زیرِ سرپرستی ایک اہم منصوبہ ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مواقع کے دروازے کھول رہا ہے۔ فوج کی معاونت سے اس ادارے میں جدید لیبارٹریز، ہائی ٹیک آلات، اور بین الاقوامی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ادارے کے فارغ التحصیل طلبا اب نہ صرف پاکستان بلکہ مشرقِ وسطیٰ، خلیجی ممالک اور ایشیائی مارکیٹوں میں بھی مختلف صنعتی اور تکنیکی شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
گوادر کے نوجوان، پاکستان کا سرمایہ
ماہرین تعلیم کے مطابق، گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد تعلیم، روزگار اور ترقی کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے۔