وقت آگیا ہے ہم اتحاد کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں،خواجہ آصف

وقت آگیا ہے ہم اتحاد کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، اور اب وقت آ چکا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جائے تاکہ اس مسئلے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔

پارلیمنٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بنوں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے،انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اب صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی و قومی قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف حتمی جنگ لڑے، تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے اور ملک کے ہر کونے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی صوبے میں بدامنی برداشت نہیں کی جا سکتی اور امن قائم کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کالعدم ایکشن کمیٹی بھارت کی زبان بولنے لگی ، قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، مقدمہ درج

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان دونوں ملوث ہیں،گزشتہ سال کی ناکامی کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، جو خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اب فیصلہ کن وقت آ گیا ہے اور ان عناصر کو واضح شکست دینا ضروری ہے جو ملک میں بدامنی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن خراب کرنے کی کوشش بھی بھارت کی جانب سے کی گئی لیکن وہ مکمل طور پر ناکام رہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو بھارت کے ایما پر کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہاں اس وقت بھی شدید ظلم و ستم جاری ہے اور مقبوضہ علاقے کی قیادت جیلوں میں قید و بند کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

editor

Related Articles