موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی ملے گی یا نہیں ؟وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان آگیا

موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی ملے گی یا نہیں ؟وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان آگیا

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ممکن ہے آئندہ چند دنوں میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے دی جانے والی سبسڈی اسکیم کو بند کر دیا جائے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ اس اسکیم سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرِاعظم شہباز شریف کریں گے، جو اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت بھی کریں گے، حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ موجودہ مالی حالات میں یہ ریلیف اسکیم جاری رکھی جائے یا اس میں کوئی تبدیلی کی جائے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے یہ ریلیف اسکیم وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے شروع کی تھی تاکہ عام شہریوں کو مہنگائی کے اثرات سے کچھ حد تک محفوظ رکھا جا سکے، انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت حکومت نے اب تک تقریباً 130 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :موٹر سائیکل سواروں،گاڑی مالکان کو لائسنس سے متعلق بڑاریلیف مل گیا

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جن موٹر سائیکل سواروں نے ایکسائز کا درست ڈیٹا فراہم کیا اور رجسٹریشن مکمل کی، انہیں براہ راست مالی معاونت منتقل کی گئی،حکومت کا مقصد شفاف نظام کے ذریعے مستحق افراد تک ریلیف پہنچانا تھا۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماہانہ دو ہزار روپے کی سبسڈی کا آغاز کیا تھا، اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپ بھی تیار کی گئی تھی جس کے ذریعے شہری رجسٹریشن کروا کر یہ ریلیف حاصل کر رہے تھے۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے اور ڈیزل میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول 299 روپے 50 پیسے اور ڈیزل 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گیا ہے۔

editor

Related Articles