وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے سوئس کمپنیوں کی جانب سے مزید سرمایہ کاری میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
برگن اسٹاک میں اہم ملاقات
وزیراعظم آفس کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسس نے برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف
ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا انہوں نے اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اعتماد
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی میں تعاون کی پیشکش
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی سرمایہ کاری کو مثبت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں مستقبل میں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔
انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
دیگر شعبوں میں تعاون پر گفتگو
ملاقات میں دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دورہ پاکستان کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔