پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ مایہ ناز بلے باز بابراعظم آؤٹ آف فارم نہیں ہیں، وہ بدستور اچھی فارم میں ہیں اور ان کی بیٹنگ میں اعتماد اور تسلسل نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بابر اچھے ٹچ میں لگ رہے تھے اور انہوں نے دباؤ کو بہترین انداز میں ہینڈل کیا۔
تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ’بدقسمتی سے بابراعظم رن آؤٹ ہوئے، لیکن اس کا فارم سے کوئی تعلق نہیں۔ رن آؤٹ کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ بابر ایک کلاس پلیئر ہیں اور امید ہے کہ وہ آنے والی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائیں گے‘۔
’شاہین آفریدی کی کپتانی لاجواب رہی‘
ہیڈ کوچ نے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیت کا کریڈٹ کپتان شاہین شاہ آفریدی کو جاتا ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں بہتر فیصلے کیے۔
’شاہین نے نہ صرف اچھی کپتانی کی بلکہ میدان میں کنڈیشنز کو سمجھ کر بولنگ میں بروقت تبدیلیاں کیں، یہی جیت کی سب سے بڑی وجہ تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اس جیت نے ٹیم کے مورال میں اضافہ کیا ہے۔ ہیسن کے مطابق، کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پیدا ہو رہی ہے جو مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔
سری لنکا سیریز کے لیے اسکواڈ میں تبدیلیاں
مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف آنے والی سیریز کے حوالے سے بھی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں چند تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ مختلف کنڈیشنز میں کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
‘حسن نواز اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے، انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی فارم اور فٹنس پر مزید کام کر سکیں۔ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور مستقبل میں ٹیم کا اہم حصہ بنے گا۔‘
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ عبدالصمد کو سری لنکا سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ’ عبدالصمد فی الحال ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں، لیکن وہ اس کے اختتام پر قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کے لیے قیمتی ثابت ہو سکتی ہے۔‘
’ٹیم مثبت سمت میں جا رہی ہے‘
مائیک ہیسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح ٹیم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ‘ہم نے پچھلے چند ماہ میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہتری دیکھی ہے۔ کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ٹیم کا ماحول مثبت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کا ہدف طویل المدتی پلان کے تحت نئے کھلاڑیوں کو مواقع دینا اور مضبوط ٹیم کومبینیشن تیار کرنا ہے۔
پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف یہ فتح جہاں ٹیم کے حوصلے بلند کر گئی ہے، وہیں کوچ مائیک ہیسن کی قیادت میں ٹیم منیجمنٹ آئندہ سری لنکا سیریز کے لیے نئی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق گر بابراعظم اپنی کلاس کے مطابق کھیل پیش کرتے رہے اور شاہین آفریدی قیادت میں استحکام برقرار رکھا گیا تو پاکستان ٹیم آئندہ بین الاقوامی دوروں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہے۔