وفاقی آئینی عدالت میں نئی تقرری، جسٹس کے کے آغا نے بطور جج حلف اٹھا لیا

وفاقی آئینی عدالت میں نئی تقرری، جسٹس کے کے آغا نے بطور جج حلف اٹھا لیا

وفاقی آئینی عدالت میں نئے جج کی تقرری کے سلسلے میں اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں جسٹس کے کے آغا نے اپنے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب آئینی عدالت کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی، جہاں آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے جسٹس کے کے آغا سے حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت کی جج بننے سے معذرت کر لی

ہفتہ کے روز ہونے والی اس تقریب میں آئینی عدالت کے دیگر معزز جج صاحبان جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس علی باقر نجفی نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سمیت ہائیکورٹ کے متعدد ججز بھی شریک ہوئے۔

حلف برداری کی تقریب میں وکلا برادری کی نمائندگی بھی موجود رہی، جن میں اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد حسین گیلانی، سیکرٹری منظور احمد ججہ اور دیگر نمائندگان شامل تھے۔ اس کے علاوہ جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی تقریب کا حصہ بنے۔

تقریب نہایت سادگی مگر وقار کے ساتھ منعقد کی گئی، جس میں نئے جج کی تعیناتی کو عدالتی نظام کی مضبوطی اور آئینی معاملات کی مؤثر نگرانی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ شرکا نے جسٹس کے کے آغا کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں دیانت داری اور عدالت کے وقار کے مطابق نبھائیں گے۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخواہ سے چوٹی کے قانون دان و سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان سید ارشد حسین شاہ آئینی عدالت کا حصہ بن گئے

عدالتی حلقوں کے مطابق جسٹس کے کے آغا کی تقرری سے وفاقی آئینی عدالت کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور زیر التواء آئینی مقدمات کے فیصلوں میں رفتار اور شفافیت میں اضافہ متوقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *