عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں حیران کن کمی دیکھی گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک دن کے دوران 91 ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونا 4083 ڈالر فی اونس تک گر گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، ایک ہی دن میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 9100 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 30 ہزار 662 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح، دس گرام سونا 7799 روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 223 روپے پر آ گیا، چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، ایک تولہ چاندی 209 روپے کی کمی کے بعد 5313 روپے کی ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستانی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا ، ایک تولہ سونا 3300 روپے فی تولہ کم ہو کر 4 لاکھ 39 ہزار 762 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ دس گرام سونا 2829 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 25 روپے کا ہو گیا تھا۔ ایک تولہ چاندی 140 روپے کمی کے بعد 5522 روپے کی تھی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے رجحانات اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے ہوتا ہے۔
صرافہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر محتاط فیصلے کریں اور سونے کی قیمتوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں تاکہ اچانک کمی یا اضافے سے نقصان نہ ہو۔ اس وقت سرمایہ کار سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی کے تحت فیصلے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔