اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔ وفاقی دارالحکومت پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

استقبال کے موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر مصدق ملک سمیت متعدد وزرا اور سیکریٹریز بھی موجود تھے۔ شاہ عبداللہ دوم کی آمد پر سرکاری سطح پر پرتپاک ماحول دیکھا گیا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی، جبکہ وفود کی سطح پر بھی اہم ملاقات طے ہے۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی سینیٹر عرفان صدیقی وفات پا گئے

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ مزید کہا گیا کہ اس دورے سے پاکستان اور اردن کے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

Related Articles