حکومت کا کاروبار کےلئے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ فراہم کرنے کا اعلان

حکومت کا کاروبار کےلئے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ  فراہم کرنے کا اعلان

آسان کاروبار فنانس اسکیم کے ذریعے قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جاری ترقیاتی اسکیموں اور ان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے دوسرے مرحلے میں ہونے والی پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن نے ترقیاتی منصوبوں اور فنانسنگ اسکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اب دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس سے مزید کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ وزیرِ اعلیٰ آسان کاروبار ایکسپورٹ فنانس برائے ایس ایم ایز اسکیم کے تحت 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ دیا جا رہا ہے۔ مزید کہا گیا کہ دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی سہولت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: صنعتی ترقی کے انقلابی اقدام، ’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ متعارف، 30 لاکھ، 3 کروڑ تک بلاسود قرض کی فراہمی

وزیرِ صنعت و تجارت نے کہا کہ یہ اقدامات صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مالی معاونت کی یہ اسکیمیں مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

Related Articles