پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جیسا فین چاہ رہے ویسا کر نہیں پا رہا لیکن محنت کر رہا ہوں۔
کراچی میں حیدرآباد کنگزمین کے خلاف میچ میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعظم نے کہا کہ جس موقع پر میں آؤٹ ہوا، وہاں ہونا نہیں چاہیے تھا, دوسری اننگز میں پچ سلو دکھائی دے رہی تھی، ابتدائی 6 اوورز میں اچھا کھیل رہے تھے، صورتحال ٹیم کے حق میں تھی لیکن اچانک وکٹیں گریں۔
انہوں نے کہا کہ جیسا فین چاہ رہے ویسا کر نہیں پا رہا لیکن محنت کررہا ہوں، کوشش میری یہی ہوتی ہے کہ پاور پلے میں اچھا کھیلیں۔
بابر اعظم سے صحافی نے سوال کیا کہ شکات یہی ہوتی ہے کہ بابر فنش نہیں کرپاتے اور آپ کا موازنہ ویرات کوہلی سے بھی کیا جاتا ہے لیکن وہ فنش کرکے جاتے ہیں۔
جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ آپ جس وجہ سے یہ سوال کررہے ہیں میرا موازنہ کرنا ختم کردیں، میں نے بھی میچز فنش کیے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ نتائج بروقت نہیں آسکتے بعض مرتبہ وقت لگ جاتا ہے، میں اپنے کھیل پر فوکس رکھتا ہوں، ہر دن کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتا ہے میں بھی انسان ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افتخار احمد پچ کو اچھا پرکھتے ہیں، میں ان سے مشورہ لیتا ہوں، اچھا کرنے کے لیے کوشش کر رہا ہوں رزلٹ آنے میں ٹائم لگ جاتا ہے۔
کپتان پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ حکومت نے سوچ سمجھ کر فینز کو اسٹیڈیم آنے سے روکا ہے، واقعی خالی گراؤنڈ میں کھیلنے کا مزہ نہیں آرہا، امید ہے فینز جلد اسٹیڈیم آئیں گے۔