یوٹیوب کی جانب سے کریئٹرز کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ، یوٹیوب میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی سہولیات کا دائرہ تیزی سے وسیع ہو رہا ہے اور رواں برس پلیٹ فارم پر متعدد نئے تجرباتی فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی کے ایک نمائندے کے مطابق اب کریئیٹرز کو یہ سہولت دی جا رہی ہے کہ وہ صرف تحریری ہدایات کی مدد سے اے آئی کے ذریعے ڈیجیٹل گیمز تیار کر سکیں گے ۔
اس کے ساتھ ساتھ موسیقی کے شعبے میں بھی ایسے تجرباتی ٹولز متعارف کرائے جا رہے ہیں جو صارفین کے تخلیقی امکانات کو بڑھائیں گے۔
یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے اپنےایک پیغام میں واضح کیا کہ اے آئی سے تیار کردہ غیر معیاری مواد اور اسپام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جدید سسٹمز پر کام جاری ہے، تاکہ پلیٹ فارم پر معیاری اور قابلِ اعتماد مواد کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں یوٹیوب میں مزید نئے فیچرز شامل کیے جائیں گے، جن میں مختلف قسم کے مواد، جیسے تصاویر پر مبنی پوسٹس کو براہ راست فیڈ کا حصہ بنانا بھی شامل ہے۔
نیل موہن کے مطابق یوٹیوب شارٹس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا بھر میں صارفین روزانہ 200 ارب سے زائد مرتبہ شارٹس دیکھتے ہیں، جو اس فارمیٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اظہار ہے۔
قبل ازیں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر اور پرکشش بنانے کے لیے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کا بنیادی مقصد شارٹس بنانے کے عمل کو آسان بنانا اور مواد تخلیق کرنے والوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔