پنجاب کے نئے آئی جی نے کمان سنبھالتے ہی بڑا اعلان کردیا

پنجاب کے نئے آئی جی نے کمان سنبھالتے ہی بڑا اعلان کردیا

نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے باضابطہ طور پر پنجاب پولیس کی کمان سنبھال لی ہے۔ آئی جی پنجاب کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر وہ سنٹرل پولیس آفس پہنچے، جہاں سینئر پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کو سلامی پیش کی، جس کے بعد انہوں نے پولیس شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

چارج سنبھالنے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر پولیس افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس فورس کو درپیش چیلنجز اور ادارہ جاتی بہتری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی پالیسی ترجیحات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی بے لوث خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں میں احساسِ تحفظ کی فضا کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور پبلک آرڈر کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :نئے آئی جی پنجاب کی پہچان اور تجربات، جانئے ان کے کیریئر کے اہم موڑ

آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ جرائم کے مؤثر کنٹرول کے لیے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا اور جدید رجحانات کو اپناتے ہوئے پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس، شہدائے پولیس کی فیملیز کو ہر ممکن سہولت اور ریلیف فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

راؤ عبدالکریم نے پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ فورس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ “پہلے جزا پھر سزا” کی پالیسی کے تحت شفاف اور غیر جانبدار احتساب ان کی پالیسی کا اہم حصہ ہوگا۔ نان پروفیشنلزم پر زیرو ٹالرینس کے اصول کے تحت محکمانہ اور قانونی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائے گی اور محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا معاشرے میں موجود مسائل اور جرائم کی نشاندہی کرتا رہے تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ راؤ عبدالکریم کا تعلق پاکستان پولیس سروس کے 24ویں کامن سے ہے اور ان کا شمار پولیس سروس کے انتہائی پروفیشنل افسران میں ہوتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *