بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ کے استعمال سے متعلق تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔
این سی سی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹس پر دو الگ الگ انکوائریز شروع کی جا چکی ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پہلی انکوائری 19 مئی 2024 جبکہ دوسری 13 ستمبر 2024 کو رجسٹرڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کی رہائی یا سزا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،چینی سفارتخانہ
عدالت میں جمع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے کی انویسٹیگیشن ٹیم نے عدالتی اجازت کے بعد متعدد مرتبہ اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تاکہ بانی پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کی جا سکے، تاہم بانی پی ٹی آئی نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران نے تحقیقاتی ٹیم کو یہ بھی نہیں بتایا کہ ان کے ایکس اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو کون استعمال اور آپریٹ کر رہا ہے، جس کے باعث تحقیقات کو مشکلات کا سامنا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کے خلاف درج دونوں انکوائریز اسلام آباد میں این سی سی آئی کے متعلقہ سائبر کرائم سرکل میں تاحال زیرِ التوا ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے سے متعلق دائر درخواست پر این سی سی آئی اے کی جانب سے یہ رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی ہے، جس میں اکاؤنٹ کے استعمال، ٹوئٹس اور تحقیقات سے متعلق تفصیلی مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔

