صدر مملکت کی اماراتی نائب صدر سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر بات چیت

صدر مملکت کی اماراتی نائب صدر سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر بات چیت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دبئی کے حکمران کی حیثیت سے دو دہائیوں پر محیط قیادت پر مبارک باد دی اور دبئی کی سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز کے طور پر غیر معمولی ترقی کو سراہا۔

دونوں فریقین نے دبئی کے ترقیاتی تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

صدرِ مملکت نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات بالخصوص سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نج کاری پر روشنی ڈالی اور دبئی کےحکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی زمین اور فضاکو ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، سعودی ولی عہد کی ایرانی صدر کو یقین دہانی

ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔

ملاقات میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرداخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے،متحدہ عرب امارات

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *