کھرپ پتی اوورسیز پاکستانی اقبال لطیف نے عمران خان سے 3  گھنٹے طویل ملاقات کی ساری روداد سنادی، چونکا دینے والے انکشافات

کھرپ پتی اوورسیز پاکستانی اقبال لطیف نے عمران خان سے 3  گھنٹے طویل ملاقات کی ساری روداد سنادی، چونکا دینے والے انکشافات

کھرپ پتی اوورسیز پاکستانی اور کاروباری شخصیت اقبال لطیف، عمران خان سے ہونے والی اپنی 3 گھنٹے طویل ملاقات سے متعلق اہم انکشافات سامنے لے آئے ہیں، جن میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ملاقات کے دوران ان پر یہ بات واضح ہو گئی کہ عمران خان ’نرگسیت‘ اور شدید ’خود پسندی‘ کا شکار ہیں۔

اقبال لطیف نے یہ انکشافات ’آزاد ڈیجیٹل‘ کے ساتھ ایک خصوصی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیے، انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے ساتھ ان کی کوئی ذاتی دوستی نہیں رہی اور نہ ہی وہ کبھی پاکستان تحریک انصاف کے فعال رکن بنے، ان کے مطابق یہ ملاقات 2006 یا 2007 میں اس وقت ہوئی جب انہوں نے کراچی میں شوکت خانم اسپتال کے لیے ڈونیشن دی تھی۔

اقبال لطیف نے بتایا کہ ڈونیشن دینے کے کچھ ہی دن بعد عمران خان کے منیجر کی کال موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ عمران خان آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، بعد ازاں عمران خان خود اسلام آباد میں ان کے گھر تشریف لائے، جہاں انہوں نے ان کی بھرپور میزبانی کی اور ان کے ساتھ تقریباً 3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔

کھرپ پتی اوورسیز پاکستانی اقبال لطیف نے کہا کہ 3 گھنٹے کی ملاقات کے دوران انہوں نے یہ بات واضح طور پر محسوس کی کہ عمران خان واضح طور پر ’نرگسیت‘ پن کا شکار ہیں اور وہ کسی غریب نہیں بلکہ امیروں سے میل جول رکھنا پسند کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا ابراہیمی معاہدے سے متعلق بڑا اعلان

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران گفتگو سے انہیں اندازہ ہوا کہ عمران خان خود کو غیر معمولی حد تک مرکزِ توجہ سمجھتے ہیں، اقبال لطیف کے مطابق ’میں خود ایک بردبار انسان ہوں اس لیے میں نے عمران خان سے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آپ کی تقریر سے صاف ظاہر ہوا کہ آپ نے اپنی ٹیم کو کوئی اہمیت نہیں دی یا اس کا کوئی خاص ذکر نہیں کیا، اس کی اصل وجہ کیا ہے؟  توعمران خان نے واضح طور پر کہا کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا کہ ’ان کے بغیر ورلڈ کپ جیتنا ممکن نہیں تھا‘  اقبال لطیف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو نظر انداز کر کے عمران خان نے سارا کریڈٹ خود لینے کی کوشش کی اور اس کا انہوں نے برملا اس کا اظہار بھی کیا۔

اقبال لطیف نے مزید دعویٰ کیا کہ عمران خان نے انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کی باقاعدہ پیش کش کی، کیونکہ ان کے خیال میں میں ایک بے حد امیر شخص تھا، انہوں نے کہا کہ اس پیش کش کے بعد یہ بات ان پر واضح ہو گئی کہ عمران خان کو امیر لوگوں سے میل جول کا خاصا شوق ہے اور وہ عام یا غریب افراد کو اپنے قریب نہیں رکھتے یا انہیں دوست نہیں بناتے۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ معروف صحافی ہارون الرشید نے انہیں فون کیا اور کہا کہ ’میں نے عمران خان پر ایسا کیا اثر ڈالا ہے کہ وہ مسلسل کہہ رہے ہیں کہ اقبال لطیف ایک نہایت عقلمند انسان ہیں اور انہیں ہر حال میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل کیا جانا چاہیے۔

اقبال لطیف کے مطابق انہوں نے اس پیش کش کو قبول نہیں کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کے خدشات مزید مضبوط ہوتے گئے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شخصیت اور طرزِ فکر نے انہیں سیاست میں شمولیت سے دور رکھا۔

یہ انکشافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب عمران خان کی شخصیت، قیادت اور سیاسی طرزِ عمل پر پہلے ہی مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے، تاہم عمران خان یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اقبال لطیف کے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *