پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی دو سالہ چیئرمین شپ باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ کے فرائض انجام دے گا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے 2025 کے دوران ای سی او کی قیادت کرنے پر قازقستان کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس کے کردار کو سراہا گیا۔
پاکستان نے قازقستان کی جانب سے ای سی او کے امور میں مؤثر قیادت اور بھرپور کردار کی تعریف کی۔ اس حوالے سے پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستان بطور بانی رکن ای سی او کو اپنی روح اور پہچان قرار دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای سی او کے قیام سے لے کر آج تک پاکستان اس تنظیم کو علاقائی تعاون کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا رہا ہے۔
مدثر ٹیپو نے مزید کہا کہ پاکستان بطور چیئرمین ای سی او کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے کام کرے گا۔ ان کے مطابق ای سی او کے تمام رکن ممالک نے پاکستان کی چیئرمین شپ کا خیرمقدم کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی قیادت سے تنظیم میں نئی توانائی اور سرگرمی پیدا ہوگی۔
پاکستانی سفیر کے مطابق رکن ممالک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت ای سی او کو مزید متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ہدف ای سی او کو ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے تاکہ رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
مدثر ٹیپو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی چیئرمین شپ کے دوران ای سی او کو مزید متحرک اور مؤثر بنانے کے لیے عملی کردار ادا کرے گا اور تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔