لاہور ٹریفک پولیس نے شہری حلقوں کی جانب سے مسلسل ملنے والی کرپشن کی شکایات کے بعد ڈرائیونگ اسکولز کے خلاف سخت اقدام اٹھاتے ہوئے تمام اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تمام فریش ڈرائیونگ لائسنسز کا ریکارڈ فوری طور پر جمع کروائیں۔
اس حکم نامے کا مقصد نہ صرف مبینہ بے ضابطگیوں کی چھان بین کرنا ہے بلکہ مجموعی نظام میں شفافیت اور عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنانا بھی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ آج ہی کے دن صوبے بھر کے ڈرائیونگ اسکولز کو اپنا مکمل ریکارڈ متعلقہ شعبے میں جمع کروانا ہوگا تاکہ جاری ایکسٹرنل آڈٹ کو جلد اور مکمل طور پر پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے اس حوالے سے کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آٹھ ڈرائیونگ اسکولز کو خاص طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آج شام تک اپنا پورا ریکارڈ آڈٹ برانچ مناواں میں جمع کروائیں، حکام نے تنبیہ کی ہے کہ ہر فائل پر ایس او پیز کے مطابق دستخط، مہر اور تمام مطلوبہ تفصیلات واضح طور پر درج ہونا لازمی ہے۔ کسی بھی قسم کی کمی یا غیر مکمل دستاویزات کو نامکمل تصور کیا جائے گا۔
حکم نامے میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ جو ڈرائیونگ اسکولز مطلوبہ ریکارڈ جمع نہیں کروائیں گے، ان کے انچارجز اور ڈیوٹی افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس قدم کا مقصد عوامی اعتماد بحال کرنا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور ڈرائیونگ اسکولز کے نظام کا جامع جائزہ لینا ہے، فریش لائسنس کے اجرا کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنا محکمے کی اولین ترجیح ہے۔
عوامی حلقوں نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف نظام میں بہتری آئے گی بلکہ اہل اور حقیقی امیدواروں کو شفاف طریقے سے لائسنس جاری ہونے میں بھی مدد ملے گی۔