ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے اہم جزو، سیمنٹ کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر معمولی اُتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، مختلف شہروں میں قیمتوں میں کہیں ہلکا اضافہ جبکہ کہیں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی رجحان نسبتاً مستحکم رہا۔
قومی ادارہ برائے شماریات (PBS) کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 20 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں فرق برقرار رہا، مگر اس بار شمال میں اضافہ اور جنوب میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1365 روپے رہی، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.22 فیصد زیادہ ہے ، رپورٹ کے مطابق ایک ہفتہ قبل فی بوری قیمت 1362 روپے تھی، جس میں اس ہفتے کے دوران 3 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ شمالی ریجن میں قیمت میں اضافہ عموماً ٹرانسپورٹیشن لاگت، کوئلے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی طلب میں معمولی اضافے کے باعث ہوتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی ریجن میں صورتحال قدرے مختلف رہی، یہاں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1440 روپے ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.09 فیصد کم ہے۔
گزشتہ ہفتے جنوبی علاقوں میں فی بوری قیمت 1441 روپے تھی، یعنی اس بار اوسطاً ایک روپے کی کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق جنوبی ریجن میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سپلائی میں تسلسل اور طلب میں نسبتاً کمی کا رجحان ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں مقابلہ بڑھا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے دونوں خطوں میں قیمتوں کا فرق بدستور برقرار ہے، جہاں جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمت شمال کے مقابلے میں زیادہ ہے، تاہم موجودہ ہفتے میں دونوں ریجنز کی مجموعی قیمتوں میں تبدیلی معمولی رہی، جس سے مارکیٹ کے نسبتاً مستحکم رہنے کا عندیہ ملتا ہے۔