سعودی عرب کی عالمی شہرت یافتہ کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم اینڈ منرلز نے 2026 کے تعلیمی سال کے لیے پاکستانی طلبہ کے لیے فل فنڈڈ گریجویٹ اسکالرشپ کا آغاز کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق بین الاقوامی طلبہ خصوصاً پاکستانی امیدوار اپنی درخواستیں اب جمع کرا سکتے ہیں، جس سے خلیجی خطے میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو نہ صرف مکمل ٹیوشن فیس کی سہولت دی جائے گی بلکہ ماہانہ وظیفہ، فرنشڈ ان کیمپس رہائش، طبی سہولیات، نصابی کتب، سبسڈائزڈ کھانے اور سال میں ایک مرتبہ واپسی کے لیے ہوائی ٹکٹ بھی یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔ یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ اسکالرشپ فارم جمع کروانے پر کسی قسم کی فیس نہیں لی جائے گی اور درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 10 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندگان کے لیے لازمی ہے کہ وہ بیچلرز کی چار سالہ ڈگری اور ماسٹرز کے لیے دو سالہ ڈگری رکھتے ہوں۔ اسکالرشپ کے امیدوار کے لیے کم از کم سی جی پی اے 3.0 ہونا شرط ہے۔ ایم بی اے کے پروگرام کے لیے امیدوار کے پاس کم از کم ایک سال کا پروفیشنل تجربہ بھی لازمی ہے۔
طالبات جو خود کو اس اسکالرشپ کے اہل سمجھتی ہیں اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند ہیں، وہ یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔ درخواست کے بعد تمام ضروری دستاویزات بھی آن لائن اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ اسکالرشپ کے حتمی فیصلے میں ILETS، TOEFL، GRE اور GMAT جیسے ٹیسٹ کے نتائج اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ اسکالرشپ پاکستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے اور انہیں بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔ کنگ فہد یونیورسٹی کی جانب سے دی جانے والی یہ مکمل مالی معاونت نہ صرف طلبہ کی تعلیم کو آسان بنائے گی بلکہ انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔