دبئی میں منعقدہ ’بنانس بلاک چین ویک‘ کے موقع پر پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پی یو اے آر اے) کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان جلد اپنی تاریخ کا پہلا قومی ’اسٹیبل کوائن‘ متعارف کرانے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک نہ صرف اسٹیبل کوائن کے اجرا کی تیاری کر رہا ہے بلکہ ایک مکمل ’سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی‘ یعنی سی بی ڈی سی پر بھی کام جاری ہے، جو پاکستان کو مالیاتی ڈیجیٹل جدت کے میدان میں نمایاں مقام دے گا۔
پی یو اے آر اے ایک خود مختار وفاقی ادارہ ہے جس کا انتظام متنوع اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل بورڈ کے پاس ہے۔ اس بورڈ میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شامل ہیں۔
اتھارٹی کا بنیادی مقصد غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کی روک تھام، صارفین کا تحفظ اور جدید فِن ٹیک حل، ترسیلات، ٹوکنائزڈ اثاثوں اور شریعت کے مطابق مالیاتی جدت کو فروغ دینا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریگولیٹری سینڈ باکسز کا استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ نئے مالیاتی تجربات کو محفوظ ماحول میں آزمایا جا سکے۔
بلومبرگ کے مطابق ’اسٹیبل کوائن‘ ایک ایسا ڈیجیٹل ٹوکن ہوتا ہے جس کی قدر کسی مستحکم کرنسی، مثلاً امریکی ڈالر کے ساتھ منسلک کی جاتی ہے۔ اس وجہ سے یہ بٹ کوائن جیسی روایتی کرپٹو کرنسیوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور کم اتار چڑھاؤ کا شکار ہوتا ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ اسٹیبل کوائن ملک کے مالیاتی نظام میں نئی جہت متعارف کرا سکتا ہے اور حکومتی قرض کو جدید طریقے سے کولیٹرلائز کرنے کا ایک مضبوط راستہ فراہم کرتا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کے پاس نہ صرف ڈیجیٹل مالیاتی جدت میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے بلکہ عوامی اپنائیت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے ملک کو اس انقلاب کے آخری صف میں کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کے مطابق بلال بن ثاقب نے ’ورچوئل اثاثوں کے مستقبل اور ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ریگولیشن‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثے میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے واضح، قابلِ اعتماد اور جدت کو فروغ دینے والا کرپٹو ریگولیٹری فریم ورک معاشی ترقی کا بنیادی محرک ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا متوقع اسٹیبل کوائن، ڈیٹا فریم ورک اور بغیر بینک والے افراد کو باضابطہ مالیاتی نظام میں لانے کے اقدامات دنیا کے لیے قابلِ تقلید کیس اسٹڈیز بن سکتے ہیں۔
بلال بن ثاقب رواں برس کے اوائل میں ملک کا پہلا سرکاری سطح پر قائم کیا گیا ’اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو‘ بھی متعارف کرا چکے ہیں۔ انہوں نے اس کا اعلان لاس ویگاس میں ہونے والی ’بٹ کوائن ویگاس 2025‘ کانفرنس کے دوران کیا، جس میں ان کے خطاب کے شرکا میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شامل تھے۔