بینظیر انکم سپورٹ کے پیسے حاصل کرنے کےلئے مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ

بینظیر انکم سپورٹ کے پیسے حاصل کرنے کےلئے مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مفت موبائل سم حاصل کرنے کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بینیفشریز اپنے اصل قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ہمراہ قریبی بی آئی ایس پی مرکز یا مقررہ کیمپ سائٹس پر تشریف لائیں۔ وہاں سب سے پہلے اسکریننگ کاؤنٹر پر ان کی اہلیت کی جانچ کی جائے گی۔ اہل قرار دیے جانے پر ٹوکن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں سم اجرا کاؤنٹر پر بھیج دیا جائے گا۔

بی آئی ایس پی کے مطابق سم اجرا کاؤنٹر پر بائیومیٹرک تصدیق کے بعد مفت سم جاری کی جائے گی، جسے ٹیلی کام کمپنی کا نمائندہ وہیں پر موبائل فون میں ڈال کر ایکٹو کرے گا۔ جاری شدہ سم نمبر بی آئی ایس پی کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کر لیا جائے گا تاکہ تمام ریکارڈ مکمل رہے۔

ادارے نے بینیفشریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ سم کسی اور کو نہ دیں اور اسے ہر وقت ایکٹو رکھیں، کیونکہ 8171 کی جانب سے بھیجے جانے والے تمام اہم پیغامات اسی نمبر پر موصول ہوں گے۔

بی آئی ایس پی نے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے رقم کی ادائیگی کا نیا نظام ’سوشل پروٹیکشن والٹ‘ بھی متعارف کروایا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق اس نظام کا مقصد ادائیگی کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی سیاست میں بڑی پیش رفت، وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی اہم ملاقات

سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا مقررہ کیمپ جائیں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد انہیں مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی اور اسی کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والٹ فعال کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سم کے حصول کے لیے کسی قسم کی رقم ادا نہ کی جائے کیونکہ یہ سہولت مکمل طور پر مفت ہے۔ سوشل پروٹیکشن والٹ صرف بی آئی ایس پی کی جانب سے بنایا جائے گا، لہٰذا کسی غیر مجاز فرد یا ادارے سے رابطہ نہ کیا جائے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق مستقبل میں تمام ادائیگیاں اسی سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی اور ادائیگیوں سے متعلق تمام پیغامات بھی اسی فراہم کردہ سم پر موصول ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *