محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی

محکمۂ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ کے مطابق اس وقت ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں خنکی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں دن کے وقت ہلکی دھوپ کے باوجود ہوائیں ٹھنڈک میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

ملک کے پہاڑی تفریحی مقامات مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا اور مقامی آبادی کو ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ درجۂ حرارت میں مزید کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہے گی ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں صبح اور رات کے وقت دھند پڑنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

 اسی طرح گجرات، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور گرد و نواح میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شدید سردی اور بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا،  کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید ٹھنڈ متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ موسم نہایت سرد رہنے کی توقع ہے۔

 شمالی علاقوں میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے،  اسکردو میں درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، گلگت میں منفی 3، جبکہ استور، قلات، دیر اور چترال میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 دوسری جانب کوئٹہ میں دو اور اسلام آباد میں تین ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو آنے والے دنوں میں مزید کم ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *