پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی فورس (پیرا ) کے ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس کی منظوری دے دی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پیرا اسپیشل الاؤنس سے متعلق سمری منظور کر لی، جس کے تحت مختلف گریڈز کے افسران اور ملازمین کو ماہانہ بنیادوں پر اضافی مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
منظور شدہ سمری کے مطابق گریڈ 20 کے افسران کو ماہانہ 1 لاکھ 50 ہزار روپے، گریڈ 19 کے افسران کو 1 لاکھ 25 ہزار روپے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو 1 لاکھ روپے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا، اسی طرح گریڈ 17 کے افسران کے لیے 75 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گریڈ 16 سے گریڈ 7 تک کے ملازمین کے لیے 20 ہزار سے 50 ہزار روپے ماہانہ خصوصی الاؤنس مقرر کیا گیا ہے، جس سے نچلے اور درمیانے درجے کے ملازمین کو بھی براہ راست ریلیف ملے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ خصوصی الاؤنس پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان اور پنجاب مینجمنٹ سروس کے افسران پر لاگو نہیں ہوگا، پیرا اتھارٹی اس الاؤنس کی ادائیگی کے لیے اپنے پہلے سے مختص بجٹ کو استعمال کرے گی، جس سے صوبائی خزانے پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
حکام کے مطابق خصوصی الاؤنس دینے کا بنیادی مقصد پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا، نفاذی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور فیلڈ میں فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پیرا فورس مزید مؤثر انداز میں قوانین کے نفاذ اور ریگولیٹری امور کی نگرانی کر سکے گی، جبکہ ملازمین کے لیے مالی استحکام اور پیشہ ورانہ عزم میں بھی اضافہ متوقع ہے۔