بڑے یورپی ملک اٹلی نے پاکستانی شہریوں کے لیے نوکریوں میں باضابطہ کوٹہ مختص کر کے ایک تاریخی اقدام کیا ہے جس کے بعد یہ یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے جو پاکستان کو ورک فورس کے لیے ترجیحی کوٹہ دے رہا ہے۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کے مطابق اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے مجموعی طور پر 10,500 روزگار کے مواقع پاکستانی شہریوں کے لیے مختص کیے ہیں۔اس منصوبے کے تحت ہر سال 3,500 پاکستانی شہری مختلف شعبوں میں روزگار کے لیے اٹلی جا سکیں گے جن میں 1,500 سیزنل اور 2,000 نان سیزنل ملازمتیں شامل ہیں۔
یہ مواقع شپ بریکنگ، زراعت، ہیلتھ کیئر، ہاؤس کیپنگ اور دیگر شعبوں میں دستیاب ہوں گے، ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افراد کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز اور ہاؤس کیپنگ کے شعبوں میں بہترین روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری جیسے شعبوں میں بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھلے ہیں، پاکستان اور اٹلی کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں لیبر تعاون، ورک فورس کی ضروریات اور روزگار کے مزید مواقع پر بات چیت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس اقدام کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ یورپی مارکیٹ میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے نئے دروازے کھولے گا،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ پاکستانی محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ نہ صرف معاشی بہتری ہو بلکہ پاکستانی ماہرین اور ہنرمند افراد کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر پہچان بھی ملے۔