شہر قائد میں دالوں، چاول اور مصالحہ جات کی ہول سیل اور ریٹیل سطح پر نئی سرکاری قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے سندھ ایسنشل کموڈیٹیز ایکٹ کے تحت نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا اور تمام اسٹورز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ان پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دے دی ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ تمام دکانوں پر نمایاں جگہ پر سرکاری قیمت نامہ لازمی آویزاں کیا جائے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں کی معلومات حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کو روکنا ہے۔
جاری کردہ قیمتوں کے مطابق دال ماش کی قیمت 335 روپے فی کلو، دال مونگ 340 روپے فی کلو، دال مسور 200 روپے فی کلو اور دال چنا بھی 200 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح کابلی چنا 295 روپے فی کلو اور کالا چنا 190 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔
مصالحہ جات کی نئی قیمتوں میں پسی ہوئی مرچ 750 روپے فی کلو جبکہ ثابت ہائبرڈ مرچ 560 روپے فی کلو رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ثابت دھنیا 430 روپے، پسا ہوا دھنیا 480 روپے، پسی ہلدی 590 روپے اور ثابت ہلدی 535 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں میں باقاعدہ چیکنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے