چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ پورے خطے میں انتخابات پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے اور اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ووٹرز نےبھرپور انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،پولنگ اسٹیشنز میں ووٹرز کی بڑی تعداد موجود رہی اور عوام نے انتخابی عمل میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر عوام کے شکر گزار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور مجموعی طور پر 15000 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں تاریخی نوعیت کے انتخابات ہوئے ہیں اور اس بار عوام میں سیاسی شعور پہلے سے زیادہ نظر آیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 70 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، 2020 کے انتخابات کے مقابلے میں اس بار زیادہ جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔
راجا شہباز خان نے کہا کہ انتخابات پورے خطے میں پُرامن رہے اور الیکشن کمیشن کو کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔