جویریہ سعود کے ساتھ حج کے دوران کیا واقعہ پیش آیا؟

جویریہ سعود کے ساتھ حج کے دوران کیا  واقعہ پیش آیا؟

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی جویریہ اور سعود قاسمی اپنے مداحوں کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے ہیں اور زندگی کے اہم لمحات ان کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں جویریہ سعود نے اپنے حج کے سفر کا ایک ایمان افروز واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، جس نے سب کے دلوں کو چھو لیا۔

جویریہ اور سعود نے سال 2022 میں فریضۂ حج ادا کیا تھا۔ اسی مقدس سفر کے دوران جویریہ سعود کو ایک غیر معمولی اور روحانی تجربہ پیش آیا۔

جویریہ کے مطابق دورانِ حج انہوں نے محسوس کیا کہ ان کی ہتھلیوں سے عطر کی خوشبو آ رہی ہے، حالانکہ انہوں نے کوئی عطر یا خوشبو استعمال نہیں کی تھی۔

احرام کی حالت میں ہونے کے باعث وہ فکرمند ہو گئیں اور انہوں نے اپنے ساتھ موجود ایک خاتون حاجی سے پوچھا کہ ان کے ہاتھوں سے عطر کی خوشبو آ رہی ہے، جبکہ انہوں نے ہر چیز نئی خریدی تھی اور کسی ایسی چیز کو ہاتھ بھی نہیں لگایا تھا، تو کیا اس سے ان کے حج پر کوئی اثر پڑے گا۔

جویریہ سعود نے بتایا کہ خاتون کے مشورے پر انہوں نے کئی مرتبہ ہاتھ دھوئے، مگر خوشبو ختم نہ ہوئی۔ ان کے مطابق یہ مہک مسلسل تین دن تک ان کے سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی پر محسوس ہوتی رہی اور تین دن بعد خود بخود ختم ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران ریاض، صابر شاکر، عادل راجہ ، شہباز گل کے دعوے ٹھس، پی ٹی آئی کوذلت آمیز شکست

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس دوران ان کے ساتھ موجود حاجی خواتین روزانہ آ کر ان کا ہاتھ سونگھتی تھیں، جبکہ ایک بزرگ خاتون نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس واقعے کا ذکر کسی سے نہ کریں۔

جویریہ نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں اس واقعے کو کافی حد تک راز میں رکھا، تاہم ان کے قافلے میں موجود دیگر لوگوں کو اس بارے میں علم ہو گیا اور ان کے ذریعے یہ بات پھیل گئی۔

جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے انہیں بے حد متاثر کیا اور وہ اسے اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت اور کرم سمجھتی ہیں۔

بعد ازاں جب انہوں نے اپنے ایک شو میں اس واقعے کا تذکرہ کیا تو وہاں موجود مولانا نے بھی اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے خاص رحمت اور نظرِ کرم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کا افغانستان کے اندر دہشت گرد ٹھکانوں پر بڑا حملہ

اداکارہ کے مطابق حج کا سفر ان کی زندگی کے یادگار ترین تجربات میں شامل ہے، جہاں انہوں نے کئی روحانی کیفیات اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو قریب سے محسوس کیا۔

جویریہ سعود کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے اور مداح اس روحانی واقعے پر والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

Related Articles