ایران کے جوابی حملوں کا خوف، بحرین اور اسرائیل میں سائرن بج گئے

ایران کے جوابی حملوں کا خوف، بحرین اور اسرائیل میں سائرن بج گئے

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات اب پورے خطے میں محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں ممکنہ جوابی حملوں کے خدشات نے سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے خوف کے پیش نظر اسرائیل اور بحرین میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی اور متعدد افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے حساس اور سرحدی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے کے بعد شہریوں کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ سائرن کی آواز سنتے ہی بڑی تعداد میں لوگ زیرِ زمین پناہ گاہوں اور محفوظ مراکز کی جانب روانہ ہو گئے۔ اسرائیلی حکام نے فضائی نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے کے ساتھ دفاعی تیاریوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دیا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکہ نے ایران پر حملے شروع کر دئیے ، آبنائے ہرمز کے قریب جھڑپیں،متعدد اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ،امریکی سینٹرل کمانڈ

دوسری جانب بحرین میں بھی جمعرات کی صبح اچانک سائرن بجنے کے بعد دارالحکومت منامہ سمیت مختلف علاقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بحرینی وزارتِ داخلہ نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر قریبی محفوظ مقامات کا رخ کریں۔ وزارت کے مطابق تمام متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

علاقائی کشیدگی کے باوجود کویت میں کسی فضائی خطرے کے سائرن یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم خطے کے دیگر ممالک بھی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

editor

Related Articles