وینزویلا کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید چار ممالک کے لیے اہم اعلان

وینزویلا کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید چار ممالک کے لیے اہم اعلان

وینزویلا کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی مزید 4 ممالک پر حملے کی دھمکی، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکی صدر کے لاطینی امریکا کے دیگر ممالک اورایران کے خلاف سخت بیانات نے ہلچل مچا دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد لاطینی امریکا کے دیگر ممالک اورایران کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں۔

اپنے حالیہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کو دھمکی دی اور کہا کہ کولمبیا میں امریکی فوجی آپریشن اچھا خیال لگتا ہے۔ٹرمپ نے کولمبیا کی صورتحال کو خراب قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہاں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ جاری ہے، جسے زیادہ دیر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جب ان سے کولمبیا میں امریکی کارروائی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ان کے لیے قابلِ قبول ہے۔

امریکی صدر نے کیوبا سے متعلق بھی سخت باتیں کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا کی حکومت کمزور ہو چکی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ خود ہی گرنے کے قریب ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ وینزویلا پر امریکہ کے حملے اور اس کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری نے دنیا کے لیے خطرناک مثال قائم کی ہے اور اس اقدام کے خطے پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا کی داخلی صورت حال سے قطع نظر، اس واقعے سے نہایت سنگین خدشات نے جنم لیا ہے۔ تمام فریقین پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کا مکمل احترام کریں اور انسانی حقوق و عالمی قانون کے مطابق جامع بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کریں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے بھی تحمل سے کام لینے اور بین الاقوامی قانون کے مکمل احترام پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے عوام کا تحفظ سب سے اہم ہے اور آئندہ کوئی بھی اقدام اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا جانا چاہیے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *